سیہون شریف،17فروری(ایجنسی) درگاہ لعل شہباز قلندر میں ہونے والے خودکش حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد 88 ہوگئی جب کہ 200 سے زائد افراد زخمی ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز درگاہ لعل شہباز قلندر میں خود کش حملے میں زخمی ہونے والے مزید 13 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد سانحے میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد 88 ہوگئی جبکہ زخمی ہونے والے 200 افراد میں سے 50 کی حالت انتہائی
تشویشناک ہے۔ دوسری جانب سیہون میں ڈی ایس پی آفس کے قریب مشتعل افراد نے دھاوا بول کر پولیس موبائل الٹ دی جبکہ مظاہرین کو مشتعل کرنے کے لئے پولیس اہلکاروں کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔
گزشتہ روز ہونے والے دھماکے کے بعد ملک بھر میں اہم سرکاری عمارتوں اور حساس مقامات پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ ملک بھر میں اہم مزارات کو بند کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔ حکومت سندھ کی جانب سے صوبے بھر میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے اور اس دوران تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔